ممبئی 10/جولائی (ایس او نیوز)منگلورو کے رہنے والے ولیم فرنانڈیز نامی ایک بیمار مسافرکو ٹکٹ رہنے کے باوجود وقت پر سفر کرنے کے لئے ایئر انڈیا نے بورڈ پاس نہیں دیا اور اس کے سفر کو ایک دن کے ملتوی کردیا، لیکن دوسرے ایئر پورٹ پہنچتے تک ولیم اس دنیا سے رخصت ہوگیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ولیم فرنانڈیز ایک نرس کے طور تل ابیب میں خدمات انجام دے رہا تھا۔ایک حادثے کے بعد اس کی ریڑھ کی ہڈی میں مسئلہ پیدا ہوگیا تھااس لئے ولیم علاج کے لئے منگلورو لوٹ رہاتھا۔وہ اپنے ساتھی ارون فرنانڈیز کے ساتھ تل ابیب سے پیر کی صبح 7.30بجے۔ ممبئی پہنچنے کے بعد وہاں سے 10.25 کو پرواز کرنے والے ایئر انڈیا طیارے کے ذریعے منگلورو آناتھا۔ اورمنگل کی صبح اس کی بیوی اور دو بچے منگلورو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس کا انتظار کررہے تھے۔
موصولہ خبر کے مطابق ولیم فرنانڈیز اور اس کا ساتھی ارون فرنانڈیز 8.30بجے ایئر انڈیا کے کاؤنٹر پر پہنچے تو ان کا سامان چیک اِن کرنے کے بعدانہیں بورڈنگ پاس نہیں دیاگیا اور کچھ دیر انتظار کرنے کے لئے کہا گیا۔ پھر تھوڑی دیربعد ایئر انڈیا کے ایک آفیسر نے بتایا کہ طیارے میں اوور بکنگ ہوگئی ہے اس لئے اس جہاز میں ولیم اور اس کے ساتھی کو جگہ نہیں مل سکتی۔ یاتو انہیں گوا جانے والے طیارے سے سفر کرنا ہوگا اور وہاں ٹیکسی کے ذریعے منگلوروجانا ہوگا یا پھر ایئر انڈیا کے ذریعے ایک دن ہوٹل میں رکنے کا انتظام کیاجائے گا اور دوسرے دن وہ پرواز کر سکیں گے۔
ارون فرنانڈیز کے بیان کے مطابق چونکہ ولیم کو چلنے پھرنے میں دقت تھی اور وہ وھیل چیئر استعمال کرتا تھا اس لئے گوا جانا اور ٹیکسی میں سفر کرناممکن نہیں تھا۔ اس لئے انہوں نے ہوٹل میں قیام کو ترجیح دی۔ مگر دوسرے د ن منگل کی صبح جب وہ کار میں ایئر پورٹ پہنچے اور ارون باہرنکل کر وھیل چیئر لے کر کارکی طرف واپس لوٹا تو ولیم کار کی سیٹ پر بے ہوش پڑا تھا۔ ایئر پورٹ کے ڈاکٹروں نے فوراً موقع پر پہنچ کر معائنہ کیااور بتایا کہ ولیم کی موت واقع ہوچکی ہے۔ارون کے مطابق ہوٹل سے نکلتے وقت ولیم نے کسی تکلیف کا اظہار نہیں کیا تھامگر اچانک موت کے اسباب جاننے کے لئے ممبئی کے کوپر اسپتال میں لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیااور طبی معائنے کے لئے کچھ نمونے لیے گئے۔
ولیم کے گھر والوں نے ایئر انڈیا پر ایک مریض کے ساتھ ترجیحی معاملہ کرنے کے بجائے بے حسی دکھانے کا الزام لگایا ہے۔خیال رہے کہ تیز برسات کی وجہ سے یوں بھی ممبی سے اڑنے والے طیاروں کا نظام ابتر ہوگیا ہے۔ ایئر انڈیا کے افسران کا کہنا ہے کہ ولیم یا اس کے ساتھی نے کوئی میڈیکل ایمرجنسی ہونے کی با ت انہیں بتائی نہیں تھی۔مگر ولیم کے گھر والے اور دوست احباب کا کہنا ہے کہ ولیم وھیل چیئر استعمال کرنے والا مریض ہونے کی وجہ سے طیارے میں اوور بکنگ کے بعد بھی اس کے سفر کو ملتوی کرنے کے بجائے سفر کی اجازت دینا لازمی تھا۔
پتہ چلا ہے کہ ولیم فرنانڈیز کے گھر والے ایئر انڈیا کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی تیاری کررہے ہیں اور اس کے لئے ضروری دستاویزات حاصل کی جارہی ہیں۔